پاکستانی روپے کی قدر میں دو روز میں ریکارڈ کمی

حکومت نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا

1065218
پاکستانی روپے کی قدر میں دو روز میں ریکارڈ کمی

پاکستانی  روپے کی قدر میں اچانک گراوٹ آئی ہے  اور ڈالر کی قیمت 11 روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح 136 روپے تک جا پہنچی  ہے۔

ادھر حکومت نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے لیے وزیر اعظم نے مذاکرات کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسد عمر  نے بتایا ہے  کہ  موجودہ ملکی معاشی حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، معاشی بحالی  ایک مشکل چیلنج ہے، عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ گزشتہ حکومت کیسے معاشی حالات چھوڑ کر گئی تھی، جیسے ہی ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ترجیحی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے بہترین راستہ اختیار کرنا ہے اور ایک سے زائد متبادل ذرائع تلاش کرنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے اس معاملے پر کام جاری تھا، پاکستان کے بہترین ماہرین معاشیات سمیت دوست ممالک سے بھی مشاورت کی گئی اور اب ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردینا چاہیے۔ ہمیں  ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال سکنے کے لیے بعض پروگراموں پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔ ۔

دوسری جانب چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر روپے کی قدر کم کی گئی اور حکومت نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارلی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور ڈالر کی قدر بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

 



متعللقہ خبریں