اوپیک اجلاس: تیل کی پیداوار میں کمی کا اعلان

تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک نے 2008 کے بعد پہلی مرتبہ تیل کی پیداوار میں کمی سے اتفاق کیا ہے

621436
اوپیک اجلاس: تیل کی پیداوار میں کمی کا اعلان

تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک نے 2008 کے بعد پہلی مرتبہ تیل کی پیداوار میں کمی سے اتفاق کیا ہے۔

اوپیک کا کہنا ہے کہ ویانا میں اجلاس کے دوران یہ اتفاق رائے ستمبر میں الجزائر میں منعقدہ اجلاس میں طے شدہ سمجھوتے کے مطابق ہوا ہے۔

اوپیک کے رکن ملک الجزائر نے تیل کی یومیہ پیداوار میں ساڑھے سات لاکھ بیرل کمی اور اس کو تین کروڑ پچیس لاکھ بیرل یومیہ کی سطح پر رکھنے کی تجویز پیش کی تھی اور تنظیم کے دوسرے ممالک نے اس سے اتفاق کیا تھا۔

اس وقت اوپیک کے رکن ممالک کی تیل کی یومیہ پیداوار تین کروڑ بتیس لاکھ بیرل ہے اور گذشتہ آٹھ سال میں پہلی مرتبہ اوپیک نے تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ کیا تھا تاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

اوپیک  کے مطابق ،تنظیم کے سب سے بڑے برآمد کنندہ ملک سعودی عرب نے اپنی تیل کی پیداوار کم کرکے  ایک کروڑ ساٹھ ہزار بیرل یومیہ کی سطح پر لانے سے اتفاق کیا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں سعودی عرب کی خام تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ پانچ لاکھ چالیس ہزار بیرل تھی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  رکن ممالک کے وفود خام تیل کی پیداوار میں توقع سے زیادہ کمی پر بھی غور کر رہے ہیں اور وہ چودہ لاکھ بیرل یومیہ تک کمی کرسکتے ہیں۔

 



متعللقہ خبریں