پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے
یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے
پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
دن کا اغاز وطن عزیز کیلیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب جاری ہیں۔
یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیوں اور تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔