پاکستان کے شاہین میزائل فراہم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں
پاکستانی عوام ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں
دفتر خارجہ کی ترجمان کاکہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران کو شاہین میزائل فراہم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی، جس میں نائب وزیراعظم نے فلسطین میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو بلا تعطل جاری رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آسیان دن کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مبارکباد دی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں 5اگست کو 5 سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ کشمیری بھائیوں سے پاکستان اپنی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی میڈیا پاکستان کے کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
رجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مثبت تعلقات ہیں جو عرصہ دراز سے ہیں۔ دفتر خارجہ نے بنگلادیشی عوام اور حکومت کے لیے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ پاکستان نے بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے نئے چیف ایڈوائزر کو مبارکباد دی ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے تقریب حلف برداری میں شرکت بھی کی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستانی عوام ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔