پاکستان: پولیس تھانے پر حملہ، 4 پولیس اہلکار شہید 6 زخمی
صوبہ خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندوں کی طرف سے پولیس تھانے پر اور تھانے کی مدد کے لئے آنے والے پولیس اہلکاروں پر مسلح حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندوں کی طرف سے پولیس تھانے پر اور تھانے کی مدد کے لئے آنے والے پولیس اہلکاروں پر مسلح حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں۔
قومی ذرائع ابلاغ کے مطابق عسکریت پسندوں نے رات کے وقت لکی مروت کے علاقے میں 'صدر پولیس تھانے' پر مسلح حملہ کیا اور حملے کی خبر ملنے کے بعد علاقے میں پہنچنے والی پولیس گاڑی کو بم حملے سے نشانہ بنایا۔
بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف پولیس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں خاص طور پر پاکستان کے صوبوں خیبر پختونوا اور بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اسلام آباد کا کہنا ہے کہ یہ حملے افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان کی طرف سے کروائے جا رہے ہیں لیکن افغانستان ان دعووں کی تردید کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ 30 جنوری کو بھی پاکستان کے شہر پشاور میں نمازِ ظہر کے دوران ایک مسجد پر بم حملے کے نتیجے میں زیادہ تر پولیس اہلکاروں سمیت کُل 102 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
بلوچستان میں بھی 6 مارچ کے خود کش حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔