گورنر پنجاب کا نوٹی فکیشن معطل، پرویز الہٰی وزارتِ اعلٰی پر بحال

لاہور ہائی کورٹ کے مختصر فیصلے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ جب تک یہ پٹیشن زیرِ سماعت ہے اس وقت تک پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کی جائے گی

1923051
گورنر پنجاب کا نوٹی فکیشن معطل، پرویز الہٰی وزارتِ اعلٰی پر بحال

لاہور ہائی کورٹ نے وزیرِ اعلٰی پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا گورنر پنجاب کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کو بطور وزیرِ اعلٰی بحال کر دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے مختصر فیصلے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ جب تک یہ پٹیشن زیرِ سماعت ہے اس وقت تک پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کی جائے گی۔

عدالت نے تحریری فیصلہ بعد میں جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سماعت 11 جنوری تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے تک اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا بیانِ حلفی جمع کرانے پر گورنر پنجاب کا نوٹی فکیشن معطل کیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے گورنر پنجاب، اٹارنی جنرل سمیت دیگر کو نوٹسز بھی جاری کر دیے ہیں۔

عدالت نے چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل سے یہ یقین دہانی طلب کی تھی کہ اگر گورنر پنجاب اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہے تو وزیرِ اعلٰی اس پر عمل درآمد کریں اور اس سے پہلے اسمبلی تحلیل نہ کریں۔

لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو بطور وزیرِ اعلٰی پنجاب عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی تھی۔

پرویز الٰہی نے جمعرات کی شب گورنر پنجاب کی جانب سے اُنہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کا اقدام جمعے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ جسٹس عابد عزیز کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا۔ بینچ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس مزمل اختر شامل تھے۔

 



متعللقہ خبریں