پی ٹی آئی کے رہنما سابق وزیر اعظم عمران خان جلسے کے لیے راولپنڈی پہنچ گئے

ہ عمران خان اور پنڈی مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے اگر کچھ ہوا تو اس حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذمہ دار سمجھا جائے گا

1911386
پی ٹی آئی کے رہنما سابق وزیر اعظم عمران خان  جلسے کے لیے راولپنڈی پہنچ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پنڈی جلسہ گاہ پہنچ گئے، اس موقع پر میزبان سینیٹر فیصل جاوید اشکبار ہوئے اور جذباتی الفاظ میں عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔جلسہ گاہ میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان خصوصی طیارے میں سوار ہو کر نورخان ایئر بیس اترے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچے۔ عمران خان کی آمد کے موقع پر روٹ کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔

واضح رہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان روالپنڈی میں لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ دیگر شہروں سے بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کی قیادت میں قافلے راولپنڈی پہنچ رہے ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو تھریٹ الرٹ کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، جس کے تحت پنڈال اور جلسہ گاہ کے اطراف میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جلسے کی حفاظت کے لیے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بلند مقامات پر اسنائپرز بھی موجود ہوں گے۔

پی ٹی آئی قائدین نے واضح کیا ہے کہ عمران خان اور پنڈی مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے اگر کچھ ہوا تو اس حکومت اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔

انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کردیا، جس کے بعد اب سکستھ روڈ فلائی اوور پر اسٹیج بنایا گیا جبکہ پنڈال چاندنی چوک تک لگایا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دے دی ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔



متعللقہ خبریں