پاکستان اور چین کی قیادت کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار

بدھ کو عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یکم سے 2 نومبر تک عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا چین کا پہلا دوطرفہ دورہ تھا

1901354
پاکستان اور چین کی قیادت کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور چین کی قیادت نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاک چین دوستی کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنانے اور زراعت، ، کان کنی، آئی ٹی، سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون ، صحت، صنعت، ڈیجیٹل و گرین کوریڈورز قائم کرنے سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم اظہار کیا ہے جبکہ پاکستان نے ملک میں تمام چینی عملہ، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کو عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یکم سے 2 نومبر تک عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا چین کا پہلا دوطرفہ دورہ تھا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے ساتھ بات چیت کی اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین لی ژان شو سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ انتخاب پر صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی اور ان کی قیادت، دانشمندی، وژن اور عوام کیلئے ترقی کے فلسفے اور پاکستان اور چین کے تعلقات مسلسل مضبوط بنانے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دورہ کیلئے صدر شی کا خیرمقدم کیا۔ صدر شی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم محمدشہباز شریف نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کانگریس کے 20ویں اجلاس کے کامیاب اختتام پر نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کردار اور اس کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کی کامیابی اور کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں عالمی سیاست کی اصلاح اور گورننس کے فلسفے کیلئے کردار کی تعریف کی۔ چینی رہنمائوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کے دیرینہ عزم کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان بھرپور سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔



متعللقہ خبریں