وزیراعظم شہباز شریف کی ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ کو مزید قابل اعتماد، شفاف بنانے کی ہدایت

اداروں کے مابین بہتر کوآرڈی نیشن اور ملکی ساکھ میں اضافہ کیلئے درکار مزید خصوصیات کے ساتھ ڈیش بورڈ عالمی معیار کا حامل ہونا چاہئے جس پر قوم کو فخر ہو

1887878
وزیراعظم شہباز شریف کی ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ کو مزید قابل اعتماد، شفاف بنانے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کی مانیٹرنگ کیلئے فلڈ ریلیف ڈیش بورڈ کو بین الاقوامی معیارات اور قوم کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے مابین بہتر کوآرڈی نیشن اور ملکی ساکھ میں اضافہ کیلئے درکار مزید خصوصیات کے ساتھ ڈیش بورڈ عالمی معیار کا حامل ہونا چاہئے جس پر قوم کو فخر ہو۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سیلاب متاثرین کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ سے متعلق بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جس کا باضابطہ افتتاح آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔

وزیراعظم کو اس ڈیش بورڈ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈیش بورڈ سے سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد بارے معلومات تک رسائی ممکن ہو گی، سیلاب متاثرین کیلئے دیئے گئے فنڈز کی تمام تفصیلات بھی ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیش بورڈ کی ورکنگ مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ڈیش بورڈ پر رئیل ٹائم انفارمیشن اپ ڈیٹ کی جائے، یہ ڈیش بورڈ مزید درکار خصوصیات کے اضافہ کے ساتھ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ کا اقدام ایک اچھا اقدام ہے تاہم سیلاب سے ہونے والے نقصانات، امدادی کارروائیوں اور امدادی سامان کی تقسیم سے متعلق صحیح معلومات کے ساتھ اس میں محکمہ موسمیات سمیت متعلقہ اداروں کی طرف سے فراہم کی جانے والی معلومات اور دیگر خصوصیات کو شامل کرکے اسے ایسا بنایا جائے جس پر قوم فخر کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، اﷲ تعالیٰ نے پاکستان کے عوام کو بے پناہ خصوصیات سے نوازا ہے، ایسا ڈیش بورڈ بنائیں جس سے بین الاقوامی سطح پر ہماری ساکھ میں بھی اضافہ ہو۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیش بورڈ کو عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے ایک ہفتہ مزید لے لیں، آئندہ پیر کو اس کا باضابطہ افتتاح کروں گا۔



متعللقہ خبریں