موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننےوالےممالک پاکستان کےساتھ ہونے والی نا انصافی کا ازالہ کریں: شہباز شریف

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے حالیہ سیلاب میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے

1879517
موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننےوالےممالک پاکستان کےساتھ ہونے والی نا انصافی کا ازالہ کریں: شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والے ممالک پاکستان کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کا ازالہ کریں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دورہ پاکستان کے موقع پر سیلاب میں گھرے کروڑوں متاثرین کی ترجمانی کی ہے،کابینہ کے اراکین دکھ کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کےلئے بھرپوراقدامات اٹھائیں،قوم کو جلد معلوم ہوجائے گا کہ کون سیلاب متاثرین کی خدمت اورکون سیاست کررہا ہے۔

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے حالیہ سیلاب میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے ، عالمی برادری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے دورہ پاکستان کے موقع پرہمارے جذبات کی ترجمانی کی ہے، کسی بھی ذمہ دار عہدے کے حامل شخص نے اس سے قبل اس طرح کی باتیں نہیں کیں،لاڑکانہ میں سیکرٹری جنرل ہمارے کروڑوں لوگوں کے ترجمان بنے اور کہا کہ خالی ہمدردی اور یکجہتی کی باتیں کافی نہیں، عملی طور پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اورپاکستان کے ساتھ جونا انصافی ہوئی ہے اس کا ازالہ کرنے کی ضرورت ہے، اہم عہدے پر براجمان شخص کی جانب سے ایسی باتیں قابل غور ہیں ، انہوں نے دکھی انسانیت اور پسے ہوئےعوام کےلئے جن جذبات کا اظہارکیا اس پر ان کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اراکین اپنے کام کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کےلئے بھی کام کریں جو بھی اس کارخیر میں حصہ لے رہے ہیں ان کو اپنی اورکابینہ کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں اور جو اس کارخیرمیں اپنا حصہ نہیں ڈال رہے ان سے استدعا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اس میں حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بخوبی یہ علم ہوچکا ہے کہ کون ان کے دکھ درد میں مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑا ہے اور کون سیر سپاٹے کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دو ہفتوں بعد پانی اترنے کے بعد توقع ہے کہ لوگ اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد ہوجائیں گے ، مخیر حضرات اور امدادی کارروائیو ں میں مصروف لوگوں کو علم ہے کہ اس وقت ملک کی صورتحال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ارکان کی جانب سے کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن ان سے استدعا ہے کہ وہ مزید اپنا حصہ ڈالیں ، یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن اس کا اجربھی ملے گا جو لوگ سیلاب پر سیاست کررہے ہیں ان سے عوام بخوبی آگاہ ہیں ، وقت آئے گا کہ عوام ان سے اس کا حساب لیں گےاور جو مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ان کو شاباش بھی دیں گے۔



متعللقہ خبریں