پاکستان بھر میں یوم دفاع بڑے جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستان پُر امن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،لہذا امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے، صدر عارف علوی

1876351
پاکستان  بھر میں یوم دفاع بڑے جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
Savunma Günü 2.jpg

پاکستان بھر میں یوم دفاع قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ 

یوم دفاع کی مناسبت سے علی الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ مساجد میں فوج کے شہدا  اور ملکی استحکام کے لیے  دعائیں مانگی گئیں جب کہ دیگر مذاہب  سے منسلک  عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔

یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کی 5 خواتین اہلکاروں سمیت 60 جوانوں نے شرکت کی۔

صدر مملکت عارف علوی نے یوم دفاع وشہدا کے حوالے سے قوم کو اپنے  پیغام میں کہا  کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لیے پر عزم ہے، پاکستان پُر امن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،لہذا امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔

عارف علوی نے کہا ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، یوم دفاع و شہدا ہمیں اس بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے نا پاک عزائم کو ناکام بنا کر کیا تھا۔

انہوں  نے مزید کہا کہ  آزمائش کی گھڑی میں پاک فوج پ نے بری، بحری اور فضائی جنگ بہادرانہ طریقے سے  لڑی، قوم کا ہر شہری مادر وطن کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑا ہوا، 6 ستمبر غیر متز لزل عزم، جذبہ حب الوطنی، عظیم قربانی کی علامت ہے، دفاع وطن کی خاطرجانوں کی قربانی دینے والے شہدا کو سلام عقیدت اور  اپنے پیاروں کی قربانی دینے والے شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں۔

 



متعللقہ خبریں