وزیراعظم شہباز شریف کا مختلف شعبوں میں پاکستان ، چاپان شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا عزم
وزیراعظم نے حکومت جاپان کی جانب سےپاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے امداد کی فراہمی کو سراہا۔انہوں نے زور دیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تمام شعبوں میں قابل قدر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عز م کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں جاپان کے امور خارجہ کے بارے میں نائب پارلیمانی وزیرHONDA TARO سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے حکومت جاپان کی جانب سے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے امداد کی فراہمی کو سراہا۔انہوں نے زور دیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔وزیراعظم نے گزشتہ کئی برسوں سے جاپان کے کاروباری طبقے کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ایسی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اس میں سہولت دینے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔امورخارجہ کیلئے نائب پارلیمانی وزیر نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پرہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان میں تجارت ، سرمایہ کاری اور سماجی اقتصادی ترقی کیلئے جاپان کے مسلسل عزم کا اظہارکیا۔انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں JICA کی طرف سے خاص طورسے صحت ، پانی ، صفائی اورآفات میں ریلیف دینے میں اس کے کردارکے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعظم نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگرکیا اورجنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کیلئے تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زوردیا۔