وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس، تازہ ترین صورتِ حال پر غور

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان کے مطابق کابینہ اجلاس میں نیب ترامیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی

1828566
وزیراعظم  شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس، تازہ ترین صورتِ حال پر غور

وفاقی کابینہ نے نیب قوانین میں ترمیم کیلئے وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے اور سول سرونٹس رولز 2020 کو منسوخ کرنے اور ان رولز کے تحت سرکاری افسران کے خلاف شروع کی گئی کارروائیوں کو ختم کرنے کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا ہے کہ ملک میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے زیر انتظام خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے تدارک کیلئے اقدامات کرے گی تاکہ پاکستان کو درپیش خطرات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان کے مطابق کابینہ اجلاس میں نیب ترامیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ کابینہ اراکین نے کہا کہ نیب کا کالا قانون صرف سیاسی انتقام ، سرکاری اہل کاروں اور کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کے لئے استعمال ہوتا رہا،انہی قوانین کی وجہ سے بیوروکریسی فیصلے لینے سے ڈرتی ہے جس کی وجہ سے اہم ترین امور میں ملک کا نقصان ہو جاتا ہے۔ کابینہ نے نیب ترامیم کیلئے وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔

کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے سول سرونٹس (ڈائریکٹری ریٹائرمنٹ فرام سروس) رولز 2020 کو منسوخ کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ان رولز کے تحت سرکاری افسران کے خلاف شروع کی گئی کارروائیوں کو ختم کرنے کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ بینک نوٹ پاکستان کے اندر ہی چھاپے جائیں گے تاکہ قوم کا قیمتی پیسہ بچایا جا سکے۔وزارت تجارت نے کابینہ کو برآمدات ، درآمدات اور تجارت کے توازن کے حوالے سے تفصیلی تجزیہ پیش کیا ۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ مالی سال 22۔2021 ء کے پہلے 10ماہ میں برآمدات کا حجم 31.2 ارب ڈالررہا جبکہ درآمدات کا حجم 76.7 ارب ڈالر رہا۔اسی دورانئے میں برآمدات میں 4.95 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور درآمدات میں 11.16 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2020-21 ء کے جولائی تا اپریل اور مالی سال 2021-22 ء کے اسی دورانئے میں برآمدات کے حجم میں 25.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ درآمدات میں 46.5 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔اسی دورانئے میں ٹریڈ بیلنس میں 64.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔



متعللقہ خبریں