وفاق ترقیاتی منصوبوں کیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کو 2024ء تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کی فراہمی کا مسئلہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کیلئے چین کی حکومت سے بات کریں گے

1811937
وفاق ترقیاتی منصوبوں کیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا:  وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کو 2024ء تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کی فراہمی کا مسئلہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کیلئے چین کی حکومت سے بات کریں گے، وفاق ترقیاتی منصوبوں کیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا، کراچی میں ایئر کنڈیشنڈ بسیں چلانے سے لوگوں کو سفر کی بہتر سہولت ملے گی۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلی ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ہے اور وہاں پر اس پختہ عزم کا اظہار کیا کہ ہم بابائے قوم کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں گے اور پاکستان کو ان کے خواب کی حقیقی تعبیر بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلی سندھ اور ان کی ٹیم کے ساتھ مفید بات چیت کی ہے، وزیراعلی سندھ نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ ٹرانسپورٹ کی سہولت اور پانی کی فراہمی اور دیگر منصوبوں کیلئے وزیراعلی سندھ کی ٹیم محنت سے کام کر رہی ہے، انہیں یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور وفاق ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے کہا ہے کہ ہم کوشش کریں گے کہ کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنوائیں، شروع میں چینی حکام نے کے سی آر کو سی پیک کا حصہ بنانے کیلئے زیر غور لانے کا اشارہ بھی دیا تھا لیکن بعد میں حالات تبدیل ہو گئے، اب پوری کوشش کریں گے کہ اسے سی پیک کا حصہ بنانے کیلئے چینی حکومت سے بات کریں۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ بہت بڑا چیلنج ہے، اس معاملہ پرتفصیلی گفتگو ہوئی ہے، کراچی میں پانی کی فراہمی کی آدھی گنجائش 2024ء تک مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن میں نے ہدایت کی ہے کہ 2024ء تک کوشش کریں گے کہ پورا منصوبہ مکمل ہو جائے کیونکہ پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے، کراچی کا یہ مسئلہ اگر حل ہو جاتا ہے تو یہ عوام کی بہت بڑی خدمت ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلی سندھ صوبہ میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں بہت کام کر رہے ہیں ، اورنج لائن، ریڈ لائن اور گرین لائن منصوبے تقریباً مکمل ہو چکے ہیں، اگر کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں شفاف طریقے سے ایئر کنڈیشنڈ بسیں منگوائی جائیں تو اس سے لوگوں کو سفر کی بہتر سہولت حاصل ہو گی، اچھی شہرت کے حامل ٹرانسپورٹرز کو پری کوالیفائی کیا جائے اور اس کے بعد بولی ہو، بینکوں سے مل کر انہیں قرضے دلائیں گے اور اس پر مارک اپ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر برداشت کر سکتے ہیں تو یہ ٹرانسپورٹرز کیلئے بھی بڑی سہولت ہو گی، ہماری بہت اچھی بات چیت اور ملاقات رہی ہے۔ رمضان المبارک میں کراچی میں پرتپاک خیرمقدم پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے شکرگزار ہیں۔

وزیراعظم نے حکومت میں اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد کا بھی دورہ کیا۔



متعللقہ خبریں