صدر عارف علوی کا گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید ہنر سے آراستہ کرنے پر زور
انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ گفتگو میں کیا جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ اورانٹرنیٹ کی کوریج کامعیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت بلتستان کے نوجوانوںکوآئی ٹی کے جدید ہنر سے آراستہ کرنے اور ہنرمند گریجویٹس کی تعداد بڑھانے پر زور دیاہے تاکہ مارکیٹ اور صنعت کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جاسکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ گفتگو میں کیا جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ اورانٹرنیٹ کی کوریج کامعیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ طلبااور مقامی آبادی سمیت سیاحوں کو فائدہ پہنچ سکے۔
انہوں نے یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ مقامی نوجوانوں کی ہنر کی ترقی اور آن لائن تعلیم کا دائرہ بڑھانے پر توجہ دے تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی طلب کے اعتبار سے ہنر سکھائے جاسکیں۔طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اورحکومت عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے اس شعبے پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان مرکزی حیثیت کا حامل ہے جس سے خطے میں معاشی اور اقتصادی خوشحالی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔