مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو کٹہرے میں لایا جائے صدر اور وزیراعظم کا پیغام

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یوم حق خودارادیت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈھٹائی کے ساتھ روا رکھی جانے والی ریاستی دہشتگردی پر عالمی برادری کو گمراہ نہیں کر سکتا

1757251
مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو کٹہرے میں لایا جائے صدر اور وزیراعظم کا پیغام

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یوم حق خودارادیت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈھٹائی کے ساتھ روا رکھی جانے والی ریاستی دہشتگردی پر عالمی برادری کو گمراہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کوکٹہرے میں لائے اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پر امن اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔صدر نے کہا کہ طاقت کا ظالمانہ استعمال کشمیر یوں کو ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد سے روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا انحصار عالمی قوانین کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کے پر امن حل پر ہے۔آج یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق بر قرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور سات دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ دن عالمی برادری کو یہ یاددہانی کرانے کے لیے منا رہے ہیں کہ وہ کشمیر ی عوام کے حوالے سے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں سے پہلو تہی نہیں کرسکتی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نو لاکھ فوجیوں کی کشمیر میں موجودگی سے بھارت نے اس مقبوضہ علاقے کو سب سے بڑے قید خانے اور دنیا کے سب سے زیادہ فوج والے علاقے میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پانچ اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اُس کے بعد کی جانے والی کارروائیوں ، خاص طور سے ڈومیسائل کے قواعد اور زمین کی ملکیت کے قوانین کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی آبادی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنا اور کشمیر یوں کو اپنی ہی زمین پر اقلیت میں بدلنا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خودارادیت کی جدوجہد دلانے کے اپنے وعدے پر قائم رہنا چاہئے۔یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی اطلاعات کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کے حقائق معلوم کرنے والے مشن کو اجازت دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن اقوام متحدہ کے اس وعدے کو 73برس مکمل ہو چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے کے ذریعے حل کیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں