وفاقی کابینہ کا افغان شہریوں کیلئے ویزہ پالیسی میں نرمی کا فیصلہ

فواد چوہدری نے یہ بات منگل  کےروز اسلام آباد میں وزیراعظم کےزیرصدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس میں کئےگئےفیصلوں کےحوالےسےصحافیوں کوبریفنگ دیتےہوئےکہی

1747577
وفاقی کابینہ کا افغان شہریوں کیلئے ویزہ پالیسی میں نرمی کا فیصلہ

وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر اور دفاعی پیداوار کی وزیر زبیدہ جلال گوادر میں احتجاج کرنے والے ماہی گیروں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے وہاں کا دورہ کرینگے۔

انہوں نے یہ بات منگل  کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم کے زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم معاملے کا پہلے ہی نوٹس لے چکے ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جنوبی بلوچستان کیلئے سات سو ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔چوہدری فواد نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بارے میں کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے مسئلے پر مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کیلئے ٹینڈرز جاری کرنے چاہئیں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کیلئے ویزہ پالیسی میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے تدارک کے لئے کئے گئے اقدامات پر کابینہ کو بریفنگ دی۔کابینہ نے ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی، سماجی فاصلہ بحال رکھنے اور ماسک پہننے کی ضرورت پر زور دیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اب تک دو کروڑ پاکستانیوں کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک نہیں دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین باہمی فضائی راہداری میں ترمیم کی منظوری دی۔ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے فضائی فاصلے اور لاگت میں کمی آئیگی۔کابینہ نے قازخستان کی فضائی کمپنی کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے اور پاکستان اور قازخستان کے مابین فضائی سفر شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس فیصلے سے پاکستان اور قازخستان کے درمیان براہ راست فضائی سفر کا آغاز ہو گا۔



متعللقہ خبریں