صدر عارف علوی کی تاجک ہم منصب رحمانوف سے ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا عزم

یہ ملاقات ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے پندرویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔صدر نے مضبوط معاشی شراکت داری کے فروغ کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا

1739890
صدر عارف علوی کی تاجک ہم منصب رحمانوف سے ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا عزم

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تاجکستان کے اپنے ہم منصباماملی رحمانوف  سے ملاقات میں قریبی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ ملاقات ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے پندرویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔صدر نے مضبوط معاشی شراکت داری کے فروغ کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے کاسا 1000 پاور ٹرانسمیشن لائن منصوبے پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس کی جلد تکمیل کا عزم ظاہر کیا۔

صدر نے پاکستان کی بندر گاہوں کے ذریعے تاجکستان اور وسط ایشیائی ملکوں کے ساتھ علاقائی یکجہتی اور روابط کے امکانات پر روشنی ڈالی۔دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور تاجکستان کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

صدر نے صدر رحمانوف افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امن و استحکام اور عالمی امداد کو متحرک کرنے کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں معاشی انحطاط سے بچنے کیلئے اس کے مالیاتی اثاثے بحال کرنا ناگزیر ہے۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ شراکت داری کو یقینی بنایا جائے، تمام افغانوں کے حقوق کا احترام اور یہ یقینی بنایا جائے کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

صدر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن، استحکام اور مفاہمت کے مشترکہ مقاصد میں پیش رفت کیلئے پاکستان اور تاجکستان کا مل کر کام کرنا ناگزیر ہے۔دونوں صدور نے دو ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ اور علاقائی معاملات پر قریبی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔



متعللقہ خبریں