یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پاکستان کے صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

کشمیری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں

1725600
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پاکستان کے صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم آزادی و حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بانہ ہے، بھارت غیرقانونی قبضے سے کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو دبا نہیں سکتا۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے آج سے 74 سال قبل کشمیر پر ناجائز تسلط قائم کیا، 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان ان غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کشمیری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں، کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا  کہ پاکستان اور لاکھوں کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ کشمیر سے منسوب کرتے ہیں جس کا مقصد بھارت کی طرف سے ریاست جموں و کشمیر کے کچھ حصوں پر غیر قانونی قبضے کی مذمت کرنا ہے۔ یہ کشمیریوں کی ان لاتعداد قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا بھی دن ہے جو انہوں نے بھارت کے غیر انسانی تسلط کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے دیں۔

عمران خان کہا کہ بھارت کے ناجائز قبضے کا مقصد کشمیری عوام کی اپنے مستقبل کا آزادانہ طور پر تعین کرنے کی جائز امنگوں کو دبانا ہے، لیکن بھارتی قابض افواج کی 7 دہائیوں کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کا عزم مضبوط ہے، ہم کشمیری باشندوں، عورتوں اور بچوں کے عزم وحوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔



متعللقہ خبریں