افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے: شاہ محمود قریشی

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر جاپان کے اپنے ہم منصب توشی مِٹسو موتیجی سے ملاقات کی

1709995
افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر جاپان کے اپنے ہم منصب توشی مِٹسو موتیجی سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات ، افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان جاپان کو ایک ترقیاتی حوالے سے قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم 2022ء میں پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کو پرجوش انداز میں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں،وزیر خارجہ نے پاک جاپان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، افغانستان میں نمو پاتے انسانی اور معاشی بحران کے خاتمے کے لیے،ضروری ہے کہ عالمی برادری افغانوں کی معاونت کو یقینی بنائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک “ڈوزیئر” جاپانی ہم منصب کو پیش کیا۔



متعللقہ خبریں