پاکستانی تاجر اپنے معاملات میں ایمانداری اور دیانتداری کے ذریعے دنیا میں ساکھ بنائیں: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی حوصلہ افزائی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر اپنے معاملات میں ایمانداری اور دیانتداری کے ذریعے دنیا میں ساکھ بنائیں

1701843
پاکستانی تاجر اپنے معاملات میں ایمانداری اور دیانتداری کے ذریعے دنیا میں ساکھ بنائیں: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی مجموعی ترقی کے مقاصد حاصل کرنے کے لئے کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی حوصلہ افزائی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر اپنے معاملات میں ایمانداری اور دیانتداری کے ذریعے دنیا میں ساکھ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ  یہ برانڈ پاکستان کے لئے لازم ہے، ملکی برآمدات میں مزید بہتری کے لیے مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ انہیں متنوع بنانے کی بھی ضرورت ہے، افغانستان میں امن اور تعمیر و ترقی سے پاکستان کے لئے بے پنا مواقع پیدا ہوں گے ۔وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا) کی ایوارڈز تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کی معیشت میں شمولیت بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی اُدھوری ہوگی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ انصاف کی بنیاد پر فیصلوں سے ہی مُلک ترقی کرسکتا ہے، تاجر برادری کاروبار اور تجارت میں ایمانداری اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائے، اس طرح دنیا کا اعتماد حاصل کرکے اپنی ساکھ بنانے کے ساتھ ساتھ آپ پاکستان کا نام بھی روشن کر سکتے ہیں جو برانڈ پاکستان کے لئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کے ساتھ اخلاقی طور پر بھی بہتری کی طرف گامزن ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پالیسیز کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا ہے، حکومت کا کام کاروباری طبقے، برآمد کنندگان اور صنعت کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی برآمدات میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ انہیں متنوع بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔



متعللقہ خبریں