پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، شاہ محمود قریشی

خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے

1687146
پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، شاہ محمود قریشی

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود  قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔ خطے میں امن و امان کے  قیام کے لیےایک پُرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے۔

آسیان علاقائی فورم کے اٹھائیسویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آسیان علاقائی  فورم ہمیں باہمی دلچسپی کے سیاسی و سیکورٹی امور پر مشاورت اور تعمیری مذاکرات پر  مشترکہ کوششیں سر انجام دینے میں  تعاون کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی ہمارے معاشروں کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے ،پاکستان،دہشت گردی کی عفریت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جو اکثر اوقات سرحد پار معاونت کے باعث ہوئی۔ ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں اپنی جانوں کی قربانی دی۔پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے،ہمیں کسی ملک کو یہ اجازت ہرگز نہیں دینی چاہیے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشیاں کرے۔

افغانستان کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے،افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ پاکستان، افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حمایتی ہے۔

انہوں نے عام وبا کےموضوع کو چھیڑتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس وبا سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو اختیار کیا جو انسانی جانوں کا تحفظ، معاش اور معیشت کے تحفظ جیسے تین اہم پہلوؤں پر مشتمل ہے

ہم نے ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے، دسمبر 2021ء تک 70 ملین افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ کہ وبائی بحران سے نمٹنے اور دوبارہ بہتر تعمیر کے ہدف کے حصول کیلئے ہمیں ویکسین کی یکساں فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔

 



متعللقہ خبریں