کوہستان: مسافر بس 'حادثے' کا شکار، 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد ہلاک

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارتِ خارجہ چینی سفارت خانے کے ساتھ اس معاملے میں مکمل رابطے میں ہے

1675417
کوہستان: مسافر بس 'حادثے' کا شکار، 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد ہلاک

پاکستان

 

خیبرپختونخوا کے شمالی پہاڑی علاقے اپر کوہستان میں گلگت جانے والی ایک مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں نو چینی انجینئروں اور فرنٹیئر کور کے دو اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک اور لگ بھگ 17 زخمی ہو گئے ہیں۔

دھماکے کے حوالے سے پاکستانی ذرائع ابلاغ میں مختلف رپورٹس سامنے آ رہی ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے ہوا تاہم پاکستانی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

البتہ، اسلام آباد میں چینی سفارت خانے نے واقعے کو حملہ قرار دیتے ہوئے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس میں ملوث عناصر کا تعین کر کے قرار واقعی سزا دے۔

چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے پر پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق مکینیکل خرابی کی وجہ سے بس کھائی میں گرنے سے گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا تاہم مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

وزارتِ خارجہ نے حادثے میں نو چینی اور تین پاکستانی شہریوں کی ہلاکت بھی تصدیق کی ہے جو علاقے میں جاری ایک ترقیاتی منصوبے میں کام کے لیے جا رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارتِ خارجہ چینی سفارت خانے کے ساتھ اس معاملے میں مکمل رابطے میں ہے۔

چینی سفارت خانے نے پاکستان میں موجود اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر محمد عارف کے دفتر کے اہلکاروں نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جا رہی تھا کہ اپر کوہستان کے علاقے برسین کیمپ کے قریب اس میں ایک زور دار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں نارتھ ٹرانسپورٹ کمپنی (NATCO) کی مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس میں سوار چھ مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 13 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں نو چینی باشندوں کے علاوہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار، بس ڈرائیور اور ایک مقامی باشندہ بھی شامل ہے۔

حکام نے بتایا کہ بس میں 36 افراد سوار تھے جن میں 26 چینی باشندے تھے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے 17 مسافروں کو داسو کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد فوری طور پر کوہستان روانہ کر دیا گیا ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں