لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے ایک گھر میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریب واقع گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے کچھ راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں

1663167
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے ایک گھر میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے ایک گھر میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 5 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، 17 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریب واقع گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے کچھ راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائی کا آغاز کر دیا اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

زخمیوں کو پرائیویٹ گاڑیوں میں اسپتال پہنچایا گیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔

دھماکے کے بعد فوج، رینجرز اور کاؤنٹرر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے دھماکے کے مقام سے صحافیوں سمیت دیگر افراد کو پیچھے ہٹا دیا ہے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی کو دھماکے کے مقام کی طرف نہیں جانے دیا جا رہا۔

پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، شواہد اکٹھے کیئے جا رہے ہیں، دھماکے کی نوعیت کا جلد پتہ چل جائے گا۔

پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد جناح اسپتال پہنچ گئیں جہاں انہوں نے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اسپتال میں زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد کا جائزہ بھی لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

 

 



متعللقہ خبریں