حکومت پائیدار اقتصادی شرح نمو کے حصول کیلئے اقدامات پر توجہ دے رہی ہے: وزیر خزانہ شوکت ترین

اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی اشاریے تین عشاریہ نو چار فیصد کی اقتصادی ترقی ظاہر کررہے ہیں مگر بد قسمتی سے ان اعداد و شمار کو متنازعہ بنانے کیلئے دیدہ دانستہ کوششیں کی گئیں ہیں

1644478
حکومت پائیدار اقتصادی شرح نمو کے حصول کیلئے اقدامات پر توجہ دے رہی ہے: وزیر خزانہ شوکت ترین

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت جامع اور پائیدار اقتصادی شرح نمو کے حصول کیلئے برآمدات بڑھانے،ٹیکس وصولی اور دیگر اقدامات پر توجہ دے رہی ہے۔

اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی اشاریے تین عشاریہ نو چار فیصد کی اقتصادی ترقی ظاہر کررہے ہیں مگر بد قسمتی سے ان اعداد و شمار کو متنازعہ بنانے کیلئے دیدہ دانستہ کوششیں کی گئیں ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو آٹے اور بجلی میں سبسڈی فراہم کرے گی، حکومت کا فوکس ریونیو اور گروتھ میں اضافہ ہے، اگلے دو سالوں میں جی ڈی پی گروتھ میں 6 فیصد اضافہ کا ہدف مقرر کیا ہے، 12 مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اپوزیشن کو معاشی ترقی پر شک ہے تو نمبرز میچ کر لیں۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی پالیسی کے تحت مائیکرو فنانس بینک چھوٹے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے لوگوں کو قرض کی سہولت فراہم کریں گے۔

 شوکت ترین نے حکومت کی مجموعی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے زراعت اور تعمیراتی شعبے کو دی گئی مراعات کے فوائد سامنے آ رہے ہیں، ہائوسنگ، تعمیراتی اور زرعی شعبے ترقی کر رہے ہیں جبکہ برآمدات میں گزشتہ چند ماہ سے 40 سے 50 فیصد تک بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کسان منڈی میں آ کر خود اپنی مصنوعات فروخت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں شوکت ترین نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) اور مائیکرو فنانس بینکوں کو چھوٹے کاروبار کو قائم کرنے کے خواہاں افراد کے لئے قرض کی سہولیات اوپن کریں۔ اخوت پروجیکٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس نے سینکڑوں لوگوں کو 150 ارب روپے قرض دیا ہے۔ شوکت ترین نے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان معاشی استحکام اور غربت کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں ہم اضافی ٹیکس عائد نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہی رفتار جاری رہی تو آئندہ سال پانچ فیصد اور سال2023 تک چھ فیصد سے زائد اقتصادی شرح نمو کی توقع ہے۔شوکت ترین نے کہاکہ بارہ شعبوں کیلئے مختصر اور طویل مدتی حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔



متعللقہ خبریں