مذہب اسلام خواتین کو سماجی و معاشی حقوق فراہم کرتا ہے: صدر عارف علوی

وہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی

1629561
مذہب اسلام  خواتین کو سماجی و معاشی حقوق فراہم کرتا ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئےاسلامی نظریاتی کونسل کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، اسلام نے خواتین کو معاشرتی اور معاشی حقوق دیئے ہیں، علما کرام اور پیش امام ان حقوق کے حصول میں درپیش ثقافتی رکاوٹیں دور کرنے اور اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے مذہب اسلام نے خواتین کو سماجی و معاشی حقوق فراہم کئے ہیں تاہم بدقسمتی سے ثقافتی رکاوٹوں کی وجہ سے خواتین کو حقوق سے محروم رکھاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کے لئے قانون نافذ کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ان کی خلاف ورزی نہ ہو۔

صدر مملکت نے لوگوں کو خواتین کے حقوق اور بالخصوص وراثت میں ان کے حق کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل علمائے کرام اور پیش اماموں کے توسط سے خواتین کے حقوق کے بارےمیں آگاہی پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کی معاشی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اس لئے انہیں مکمل حقوق کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو خواتین کی صحت کے مسائل میں رہنمائی کے لئے ٹیلی ہیلتھ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر قبلہ ایاز کو بطور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل تقرری پر مبارکباد دی اور مقاصد کے حصول کے لئے وژن و لائحہ عمل تیار کرنے اور مدت متعین کرنے کی ہدایت کی۔

ملاقات میں صدر مملکت نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سےکوویڈ 19 کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے حکمت عملی کی تیاری کے سلسلے میں علماء کے ساتھ ورچوئل کانفرنس کے انعقاد کی درخواست منظور کر لی۔ اس موقع پر ڈاکٹر قبلہ آیاز نے علمائے کرام کی جانب سے صدر مملکت کی خواتین کو بااختیار بنانے اور صحت کے متعلق مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش میں تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں