پی ڈی ایم خودہی ختم ہو چکی ہے: وزیر داخلہ شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ استعفوں سے متعلق آصف زرداری نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اب مسلم لیگ (ن) اور فضل الرحمن کو اپنے بارے فیصلہ کرنا ہوگا

1602859
پی ڈی ایم خودہی ختم   ہو چکی ہے: وزیر داخلہ شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے سینیٹ انتخابات میں انویسٹمنٹ کی ہوئی ہے کافی پیسہ لگایا ہے وہ بہت عرصہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے۔

منگل کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کے فیصلے پر رد عمل میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استعفوں سے متعلق آصف زرداری نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اب مسلم لیگ (ن) اور فضل الرحمن کو اپنے بارے فیصلہ کرنا ہوگا، اگر انہوں نے صرف لانگ مارچ کرنا ہے تو ہم انہیں اجازت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دونوں آئین اور قانون کے تحت آتے لانگ مارچ لے کر آتے ہیں تو ٹھیک ہے اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون بھی ان کو ہاتھ میں لے گا، مولانا فضل الرحمن پہلے بھی لانگ مارچ کر چکے ہیں انہیں پتہ ہے لانگ مارچ آسان نہیں ہوتا، دھرنا دینا دنیا کی سب سے مشکل سیاست ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے رویے میں پی ڈی ایم کے حوالے سے کوئی لچک نہیں وہ ان کے خلاف فرنٹ فٹ پر کھیلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ ہماری حکومت کے اڑھائی سال گزر چکے ہیں ہم نے عوام کے ووٹ لے کر آئے ہوئے ہیں ان کے مسائل حل کرنے ہیں، عمران خان کو اس کا بخوبی اندازہ ہے، رمضان پیکج کیلئے کابینہ نے منظوری دی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں قطر صرف قطری وزیراعظم کو عمران خان کا پیغام دینے گیا تھا اس میں نوازشریف بارے کوئی بات نہیں ہوئی، نوازشریف صرف پاکستان آسکتے ہیں جب بھی درخواست کریں گے۔



متعللقہ خبریں