پاکستان میں کاروبار کےلئےماحول سازگار اورمنافع بخش سرمایہ کاری کےلئےبے شمار مواقع ہیں: صدر عارف علوی

وہ پیر کو یہاں پاکستان جاپان بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تجارتی مواقع، سرمایہ کار دوست پالیسیوں، کاروباری آسانیوں اور سہولیات کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرتا ہے

1584416
پاکستان میں کاروبار کےلئےماحول سازگار اورمنافع بخش سرمایہ کاری کےلئےبے شمار مواقع ہیں: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ایک پرامن ملک ہے، یہاں کاروبار کے لئے ماحول سازگار اور منافع بخش سرمایہ کاری کے لئے بے شمار مواقع ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو حکومت کی دوستانہ پالیسیوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔

 وہ پیر کو یہاں پاکستان جاپان بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تجارتی مواقع، سرمایہ کار دوست پالیسیوں، کاروباری آسانیوں اور سہولیات کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرتا ہے، جاپانی سرمایہ کار اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی معیشت کے تمام بڑے اشاریے مثبت رجحان کو ظاہر کرتے ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی اس معاشی بہتری کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقتصادی شعبہ میں بہتری کے ساتھ ساتھ معاشرے کے غریب اور محروم طبقات کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھا ہے، موجودہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران دنیا سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے اپنی دور اندیشی اور معاشرے کے غریب طبقات کے لیے احساس کی وجہ سے سخت لاک ڈاؤن نہ کرنے کا فیصلہ کیا جو اس حوالے سے بہترین حکومتی کارکردگی کے ساتھ درست ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت نے ملک کے عوام کو نہ صرف کورونا وائرس سے بچانے کے لئے اقدامات کئے بلکہ انہیں معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لئے بھی انقلابی اقدامات اٹھائے۔

صدر مملکت نے جاپانی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی قوم نظم و ضبط کے حوالے سے پوری دنیا کے لئے قابل تقلید مثال ہے، کوئی بھی معاشرہ بہتر نظم ضبط کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں میں شاندار کامیابی حاصل کی تاہم اس کے لیے قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر دنیا کے لئے مثال قائم کی ہے اور اس بحران سے سیکھا بھی ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے افغان مہاجرین کی فراخدلانہ میزبانی کے ذریعے دنیا کے لئے مثال قائم کی ہے، ہماری یہ اقدار قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ایک پرامن اور ابھرتا ہوا ملک ہے، یہاں کاروبار میں آسانیاں اور سرمایہ کاری میں سہولیات دی جا رہی ہیں، خصوصی اقتصادی زون قائم کیے جا رہے ہیں۔ یہاں ماحول سازگار اور مواقع بے شمار ہیں، غیر ملکی سرمایہ کار اس حوالے سے حکومت کی دوستانہ پالیسیوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں.



متعللقہ خبریں