پاکستان کا فائدہ قانون کی بالادستی کویقینی بنانے میں ہے: عمران خان

اتوارکو گلگت میں گلگت بلتستان کی آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا وزیراعظم نے کہاکہ وہ قوم کوبتانا چاہتے ہیں کہ ایک مضبوط فوج پاکستان کیلئے کتنی ضروری ہے

1519875
پاکستان کا فائدہ قانون کی بالادستی کویقینی بنانے میں ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے پاکستان کا فائدہ قانون کی بالادستی کویقینی بنانے میں ہے، طاقتوراورکمزورکیلئے ایک قانون ہونا چاہئیے،اپوزیشن کا مفاد پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے، عمران خان کبھی بھی ان ڈاکووں کومعاف نہیں کرے گا، اللہ کاشکر ہے کہ اگریہ لوگ آرمی چیف اورآئی ایس آئی کے چیف کے خلاف باتیں کررہے ہیں توان کومنتخب کرنے کامیرافیصلہ بالکل ٹھیک تھا، ڈاکوان کے خلاف بول رہے ہیں تو اس کامطلب ہے کہ وہ بالکل ٹھیک لوگ ہیں، آنیوالے دنوں میں دیکھیں گے کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اورکن کے ماتھوں پرپسینہ آتا ہے، ہماری سیکورٹی فورسزنے گزشتہ 15 بیس برسوں میں دہشت گردی کا کامیابی اورجرات کے ساتھ مقابلہ کیا اورملک کو محفوظ بنایا ، اس کی وجہ سے پاکستان کا وہ حال نہیں ہواجو باقی مسلمان ممالک کا ہوا، ہماری انٹلی جنس ایجنسیوں نے انتشارپھیلانے کی بھارتی کوششوں اورمنصوبوں کو پاش پاش کردیاہے۔

اتوارکو گلگت میں گلگت بلتستان کی آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا وزیراعظم نے کہاکہ وہ قوم کوبتانا چاہتے ہیں کہ ایک مضبوط فوج پاکستان کیلئے کتنی ضروری ہے،لیبیا سے لیکر، صومالیہ، یمن اورافغانستان میں تباہی مچی ہوئی ہے، ان ممالک میں جنگیں ہوچکی ہیں یاہورہی ہیں ،ان ممالک کے عوام مشکل میں ہیں اورمشکلات کا سامناکررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک ہندوستان میں 73 برسوں میں ایک ایسی حکومت برسراقتدارآئی ہے جو سب سے زیادہ انتہاپسند ہیں، یہ مسلمانوں اورپاکستان سے نفرت کرنے والی حکومت ہے، نریندرمودی کی حکومت مسلمانوں کے خلاف اقدامات کررہی ہے، سیٹزن شپ اوررجسٹریشن کے بھارتی قوانین اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، ان قوانین کا مقصد یہ ہے کہ مسلمان برابرکی حیثیت کے شہری نہیں ہے ۔5 اگست 2019 کو نسل پرست اورہندوواتواکے نظریہ کی پرچارک نریندرامودی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں جوکچھ کیا ہے اس کے تناظرمیں دیکھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان میں ایک مضبوط فوج اورسیکورٹی فورسز کا ہونا کتنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ کوئی ہفتہ ایسے نہیں گزرتا جب ہماری سیکورٹی فورسز کے جوان اپنی جانوں کی قربانی نہ دے رہے ہوں، سابق فاٹا سے لیکر بلوچستان اورکراچی میں ایک منصوبہ کے تحت ہونیوالی دہشت گردی کے مقابلہ کیلئے ہماری سیکورٹی فورسز کھڑی رہی اوراپنی جانوں کی قربانیاں دیں ۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری سیکورٹی فورسزنے گزشتہ 15 بیس برسوں میں دہشت گردی کا کامیابی اورجرات کے ساتھ مقابلہ کیا اورملک کو محفوظ بنایا ، اس کی وجہ سے پاکستان کا وہ حال نہیں ہواجو باقی مسلمان ممالک کا ہوا، ہم اپنی سیکورٹی فورسز کوداددیتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں پتہ ہے کہ مودی حکومت پاکستان میں دہشت گردی کی شکل میں نہیں بلکہ عالموں کوقتل کرکے شیعہ سنی فسادات کے ذریعہ انتشارپھیلانے کی کوششیں کررہی ہے، کلبھوش یادیونے بتایا تھا کہ کس طرح بھارت بلوچستان اورکراچی میں دہشت گردی اورانتشارپھیلانے کی کوشش کرتارہا۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ پاکستان کی انٹلی جنس ایجنسیوں کو داددیتے ہیں کہ انہوں نے ان کے انتشارپھیلانے والے عزائم اورمنصوبوں کوپاش پاش کردیا۔



متعللقہ خبریں