ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے: صدر عارف علوی

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں آج عید میلادالنبی ﷺکے مبارک موقع پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں

1518546
ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مغرب میں حضور اکرم ﷺکی شان میں اہانت اور گستاخی کے قابلِ مذمت اقعات ہوئے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضور اکرم کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہو گا، ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے اس لئے سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، عیدمیلاد النبی ﷺکی تمام تقریبات میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں آج عید میلادالنبی ﷺکے مبارک موقع پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، 12 ربیع الاوّل کے دن ہمارے پیارے نبی حضرت محمد رسول اﷲ خاتم النّبیین جو کہ رحمت للعالمین ہیں، پیدا ہوئے۔ آپ کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا اور دنیا کی عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے آبیاری ہوئی، اﷲ نے آپ کو قیامت تک کیلئے تمام انسانوں کے لئے رسول بنا کر بھیجا اور پوری انسانیت کی فلاح یقیناً آپ کی سنت طیبہ کی پیروی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺکی سیرتِ طیبہ ہم سب کیلئے بہترین نمونہ ہے اور اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے سیرت پاک کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دورِ اول میں لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کا باعث قرآنِ پاک اور رسول اﷲ خاتم النبیین کی شخصیت ہی تھی۔ آپ کی حیات طیبہ سے ہمیں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے۔ آپ نے جنگ میں بھی حدودقیود کی پابندی کی، غلاموں، عورتوں اور بے سہارا لوگوں کو ریاستی سطح پر حقوق دیئے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بنیاد ڈالی۔ پیغمبرِاسلام ﷺکے اسوہ حسنہ کی اسی اہمیت کے پیش نظر آپ کی حیات و تعلیمات کے فروغ و اشاعت کے لئے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے اور ہماری زندگی میں بھی انہی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغرب میں حضور اکرمﷺ کی شان میں اہانت اور گستاخی کے قابلِ مذمت واقعات ہوئے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں اور بین المذاہب امن اور مکالمے کی روح کے خلاف ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وہ عالمِ اسلام کے رہنماوں سے اپیل کریں گے کہ وہ سب حرمتِ رسول کے تحفظ کیلئے ایک متفقہ مطالبہ عالمی اداروں کے سامنے پیش کریں کہ وہ حضور اکرم ﷺکی ذات پاک کا احترام یقینی بنائیں اور ان کی اہانت سے گریز کریں۔ ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے حضور اکرم ﷺکی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو دنیا بھرمیں عام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مبارک موقع پر پوری قوم سے اپیل بھی کرتے ہیں کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اس لئے ہم سب کو سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ عید میلادالنبی ﷺکی تمام تقریبات میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے تاکہ یہ تقاریب وائرس کے پھیلائو کا ذریعہ نہ بن سکیں۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں نبی اکرم خاتم النبیین کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ترقی و خو شحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔

 

 

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں