پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت فراہم کرنے کا اہم کردار ادا کیا ہے،عبداللہ عبداللہ

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز کو جنگ کے خاتمے کی امید قرار دیتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے دونوں ملکوں کے درمیان سلامتی، سیاسی اور معاشی شعبوں میں تعاون اور پرامن بقائے باہمی کیلئے رابطے بڑھانے پرزوردیا

1499941
پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت فراہم کرنے کا اہم کردار ادا کیا ہے،عبداللہ عبداللہ

افغانستان کی قومی مفاہمت کے حوالے سے اعلی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت فراہم کرنے کا اہم کردار ادا کیا ہے۔
منگل کے روز انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے مختلف دہشت گرد گروپوں کی وجہ سے جوابھی بھی مفاہمتی عمل کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں بھاری قیمت چکائی ہے۔
افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز کو جنگ کے خاتمے کی امید قرار دیتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے دونوں ملکوں کے درمیان سلامتی، سیاسی اور معاشی شعبوں میں تعاون اور پرامن بقائے باہمی کیلئے رابطے بڑھانے پرزوردیا۔
عبداللہ عبداللہ نے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پناہ گزینوں کی باوقار واپسی کے حوالے سے ہمارا موقف ایک ہی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان افغانستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سا لمیت کا احترام کرتا ہے ۔
انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں ہے اور وہ افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا اور ہم افغانستان کے عوام کی منشا کو قبول کریںگے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ صرف افغان عوام اپنے مستقبل کا تعین کرسکتے ہیں اور ان پر کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ تمام فریقوں کو ایک پرامن خوشحال اور مستحکم افغانستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان قیادت کو پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے بین الافغان مذاکرات سے ملنے والے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہو ں نے کہا کہ ملک میں امن کیلئے تشدد میں کمی اور جنگ بندی ناگزیر ہے۔

 



متعللقہ خبریں