تمام وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹاسک فورس کے فیصلوں کو فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر نافذ کریں: صدر عارف علوی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک میں آبادی میں اضافہ کو روکنے کی حکمت عملی کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تمام وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹاسک فورس کے فیصلوں کو فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر نافذ کریں تاکہ بڑھتی آبادی کو روکا جا سکے، وزیراعظم سے بڑھتی آبادی کی روک تھام کیلئے فنڈز بڑھانے کا کہوں گا، ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک میں آبادی میں اضافہ کو روکنے کی حکمت عملی کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کم بچوں کی پیدائش پر والدین کو مالی فائدہ دینے کی تجویز زیرغور ہے۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے اجلاس کو خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لئے سنجید گی سے اقدامات کر رہے ہیں۔ اجلاس میں لوگوں کو تیزی سے بڑھتی آبادی کے اثرات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے میڈیا اور علماءکرام کا تعاون حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لئے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعہ خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت سے متعلق قومی مہم چلائی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل ایک ماہ میں علماءکرام کے آبادی میں اضافہ کی روک تھام کے سلسلہ میں علماءکرام کا تعاون حاصل کرنے کیلئے اجلاس بلائے گی جبکہ آبادی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ماڈلز کا مطالعہ بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پروگراموں کے لئے فنڈز بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم سے بڑھتی آبادی کی روک تھام کیلئے فنڈز بڑھانے کی درخواست کروں گا، ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹاسک فورس کے فیصلوں کو فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر نافذ کریں تاکہ بڑھتی آبادی کو روکا جا سکے۔