پاکستان کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں عیدالاضحی کےموقع پرنمازعید پرپابندی کی شدیدمذمت،ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام کویڈ 19 سے متعلقہ پابندیوں کو مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں کو سلب کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کررہے ہیں

1463803
پاکستان کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں عیدالاضحی کےموقع پرنمازعید پرپابندی کی شدیدمذمت،ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارتی حکام کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں عیدالاضحی کے موقع پر نماز عید پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسلامی کلینڈر کے سب سے اہم ترین دن پر نمازوں پر پابندی مسلمانوں کے جذبات کی توہین اور ان کے بنیادی انسانی آزادیوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

 عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیں۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھارتی حکام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحی کی نماز پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکام کا یہ اقدام بنیادی مذہبی آزادیوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام کویڈ 19 سے متعلقہ پابندیوں کو مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں کو سلب کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ جہاں بی جے پی حکومت دیگر مختلف مذہبی سرگرمیوں کی اجازت دے رہی ہے، وہیں کشمیری مسلمانوں کو عیدالاضحی کی نماز سے روکنا سراسر امتیازی سلوک ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے مذہبی اور انسانی حقوق اور آزادیوں سے واضح انکار کا نوٹس لیں،جو بین الاقوامی قوانین اور کنونشنوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت یہ جان لے کہ اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے وہ کشمیریوں کے ولولوں کو توڑ سکتا ہے اور نہ ہی انہیں انکے جائز حق،حق خودارادیت کیلئے جدوجہد سے ہٹا سکتا ہے۔



متعللقہ خبریں