وزیراعظم عمران خان کی آٹے کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وہ آٹے اور چینی کی دستیابی اور ان کی قیمتوں کے متعلق اسلام آباد میں جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منڈی میں گندم کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کیلئے سرکاری سطح کے علاوہ نجی شعبے کی طرف سے گندم کی درآمد کا عمل تیز کیا جانا چاہئے

1462985
وزیراعظم  عمران خان  کی آٹے کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیرِاعظم عمران خان نے ملک میں آٹا اور چینی کی وافر اور مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو ملک بھر میں یکساں سطح پر لانے کے لئے باہمی مشاورت سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے، شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ کے عمل میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، ضرورت پڑنے پر چینی کی درآمد کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی اور انتظامات مکمل کیے جائیں۔ وہ پیر کو یہاں ملک میں گندم اور چینی کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، سینیٹر سید شبلی فراز، مشیر ان ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داو¿د، معاون خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری صاحبان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک میں گندم اور چینی کی دستیابی کی صورتحال اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ گندم کی دستیابی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر پندرہ ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم کی سپلائی فلور ملز کو کی جا رہی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے پاسکو سے اسی ہزار میٹرک ٹن گندم حاصل کر لی ہے جبکہ مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن کے لئے معاہدہ ہو چکا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سرکاری طور پر گندم کی ریلیز سے جہاں دستیابی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے وہاں قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑا ہے۔گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عنا صر کے خلاف اب تک کی جانے والی کاروائی کی رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔ اجلاس میں سرکاری اور نجی شعبے کی جانب سے پندرہ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آٹا عوا م الناس کی بنیادی ضرورت ہے لہذا اس کی دستیابی اور مناسب قیمت پرمیسر آنے کو یقینی بنایا جائے۔ مارکیٹ میں گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ نجی شعبے کے ساتھ ساتھ سرکاری طورپر بھی گندم کی درآمدکے عمل کو تیز کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو ملک بھر میں یکساں سطح پر لانے کے لئے تمام چیف سیکرٹری صاحبان باہمی مشاورت سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ اجلاس میں ملک میں چینی کے موجود ذخائر، ملکی ضروریات اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ چینی کی وافر دستیابی اور مناسب قیمت کو یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ کے عمل کا آغاز بروقت کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر درآمد کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی اور انتظامات مکمل کیے جائیں



متعللقہ خبریں