کورونا کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے: وزیراعظم عمران خان

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کوویڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزیرِ اعظم کو کورونا کی موجودہ صورتحال، علاقائی صورتحال، سمارٹ لاک ڈاﺅن حکمت عملی کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا گیا

1452479
کورونا کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے، این سی او سی کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کئے جائیں اور صوبوں کی کو آرڈینیشن سے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے، عید الاضحیٰ کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کوویڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔  وزیرِ اعظم کو کورونا کی موجودہ صورتحال، علاقائی صورتحال، سمارٹ لاک ڈاﺅن حکمت عملی کے مثبت نتائج، ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے درکار سہولتوں سے آراستہ بیڈز میں اضافے کی صورتحال اور خصوصاً عید الاضحیٰ اور محرم میں کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 30 شہروں میں 227 مقامات پر سمارٹ لاک ڈاﺅن کیا جا رہا ہے۔ اب تک سمارٹ لاک ڈاﺅن کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے کے دیگر ممالک کے تجربات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مکمل لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی سے جہاں مطلوبہ نتائج میسر نہیں آئے وہاں معاشی مجبوریوں کی وجہ سے لاک ڈاﺅن اٹھانے کی بدولت کورونا کے پھیلاﺅ اور اموات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی نہایت موثر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کورونا کیسز میں کمی کی بدولت ہسپتالوں پر پڑنے والے بوجھ میں خاطر خواہ کمی سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کورونا کے مریضوں کے لئے مخصوص سہولتوں سے آراستہ بیڈز کی تعداد میں اب تک پندرہ سو کا اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اس تعداد کو اڑھائی ہزار تک پہنچا دیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ امر تسلی بخش ہے کہ کورونا کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے وہاں ہمیں اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا تاکہ ہم کورونا کے پھیلاﺅ کو مزید کم کر سکیں۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ این سی او سی کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کیے جائیں اور صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور کوارڈینیشن سے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ عیدالاضحیٰ کے حوالے سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ عید کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے عیدا لاضحی کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔



متعللقہ خبریں