لاک ڈان میں نرمی کےحوالے سے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد آج فیصلہ کیا جائے گا: وزیر اطلاعات شبلی فراز
وفاقی کابینہ نے ملک میں تیار شدہ ہینڈ سینی ٹائزر اور چاول کی برآمد، وزیرِ اعظم پاکستان کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے حکومت پاکستان، اخوت پاکستان اور اخوت یو ایس اے کے مابین مفاہمت کی یاداشت، قومی کمیشن برائے اقلیت کی تشکیل نو کی باضابطہ منظوری دی ہے

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ لاک ڈان میں نرمی لانے کے حوالے سے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد آج (بدھ) کو فیصلہ کیا جائے گا، پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ باقی شعبوں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، کابینہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست کے جارحانہ اور یکطرفہ اقدام کے بعد حکومت کی جانب سے بھارت سے تمام اشیاءکی درآمد پر پابندی عائد ہے تاہم زندگی بچانے والی ادویات کو اس پابندی سے مستشنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے ملک میں تیار شدہ ہینڈ سینی ٹائزر اور چاول کی برآمد، وزیرِ اعظم پاکستان کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے حکومت پاکستان، اخوت پاکستان اور اخوت یو ایس اے کے مابین مفاہمت کی یاداشت، قومی کمیشن برائے اقلیت کی تشکیل نو کی باضابطہ منظوری دی ہے، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کو ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، میں نے کورونا کا ٹیسٹ کروایا جو نیگیٹو آیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کو کابینہ میں خوش آمدید کہا۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں تمام وزراءکی تجاویز سنیں، وزیراعظم سب کی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں ۔کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزرائ، وزرائےِ مملکت، مشیران اور معاونین خصوصی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کوویڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اصلاحات کے لئے قائم کمیٹی کی جانب سے سفارشات وزارتِ قانون کو بھجوا دی گئی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف انتخابی عمل کو مکمل طور پر غیر جانب دار اور شفاف بنانے پر یقین رکھتی ہے جس نظام اور عمل پر عوام کو مکمل اعتماد ہو۔