وزیراعظم عمران خان اورصدرمملکت عارف علوی کے درمیان ملاقات میں ملک کی تازہ ترین صورتِ حال پر غور

صدر مملکت نے حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا کی وباءکو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں نرمی سے متعلق اقدام کی بھی تعریف کی

1402167
وزیراعظم عمران خان اورصدرمملکت عارف علوی کے درمیان ملاقات میں ملک کی تازہ ترین صورتِ حال پر غور

وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے درمیان پیر کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملک میں کورونا وائرس کی وباءسے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر غور لائی گئی۔

 صدر مملکت نے حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا کی وباءکو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں نرمی سے متعلق اقدام کی بھی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کو عوام اور بالخصوص معاشرہ کے کمزور طبقات کو احساس پروگرام، یوٹیلٹی سٹورز، پناہ گاہوں، لنگر خانوں اور دیگر اہم اقدامات کے ذریعے موجودہ بحران میں فوری ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔ بعد ازاں آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شامل ہوئے۔

 اس موقع پر بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں اور کورونا وائرس کی وباءکو انسانی حقوق کو پامال کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہری آزادیوں کو مزید دبانے کیلئے اسے جواز کے طور پر استعمال کئے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔

 ملاقات میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو صحت کے اس بحران میں بھی بنیادی طبی سہولیات نہیں دی جا رہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور رمضان کے بابرکت مہینے کے دوران مساجد میں نماز اور تراویح کے حوالہ سے علماءکے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ ملاقات میں علماءکرام کے ساتھ طے پانے والے اجماع کے نکات اور ان پر عملدرآمد کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



متعللقہ خبریں