وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کورونا سے متعلق تمام ڈیٹا اکھٹا کرنے کا حکم جاری کردیا

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ 13مارچ تک ملک بھر میں کورونا وائرس کی 14لیبارٹریز موجود تھیں۔ آج ملک میں بیس لیبارٹریاں مکمل طور پر فعال ہیں۔ مزید بارہ قائم کی جا رہی ہیں

1388877
وزیراعظم  عمران خان  نے ملک بھر میں  کورونا سے متعلق تمام ڈیٹا اکھٹا کرنے  کا حکم جاری کردیا

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک کے تمام صوبوں سے کورونا سے متاثرہ مریضوں، ہسپتالوں میں سہولیات، ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی سمیت متعلقہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل منظم کیا جائے، عوام کو ہر پہلو سے مکمل باخبر رکھا جائے، ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں کوئی تفریق یا امتیاز نہ برتا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کورونا وائرس کی روک تھام، تشخیص کے لئے سہولیات، موجودہ صورتحال میں صنعتی عمل کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات، حکومت کی جانب سے اقتصادی پیکج، بنیادی اشیائے ضروریہ کی رسد و ترسیل، ایگریکلچر کے شعبے کے حوالے سے اقدامات اور نیشنل کوارڈنینشن کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ 13مارچ تک ملک بھر میں کورونا وائرس کی 14لیبارٹریز موجود تھیں۔ آج ملک میں بیس لیبارٹریاں مکمل طور پر فعال ہیں۔ مزید بارہ قائم کی جا رہی ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ بہت جلد ملک میں کل بتیس لیبارٹریوں کی موجودگی کا ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا۔ ٹیسٹنگ کٹس کی دستیابی کے حوالے سے بتایا گیا کہ چائنا سے پہلی کھیپ میں 57 ہزار ٹیسٹ کٹس منگوائی گئیں۔ بعد ازاں 20 ہزار اور مزید 10 ہزار منگوائی گئیں۔ ایک لاکھ 92 ہزار ٹیسٹ کٹس کل پاکستان پہنچ جائیں گی۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریبا دو لاکھ اسی ہزار کٹس دستیاب ہوں گی۔

اجلاس میں مختلف صوبوں میں ٹیسٹ کٹس، وینٹی لیٹرز و دیگر آلات کی دستیابی کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے ہسپتالوں کو بھی اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ ان ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متعلقہ مریضوں کے لئے بیڈز کی ایک مخصوص شرح اور سہولیات مختص کی جائیں۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کہا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ اور روک تھام کے حوالے سے دیگر ممالک کے تجربات کا بھی بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک کے تمام صوبوں سے کورونا سے متاثرہ مریضوں، ہسپتالوں میں سہولیات، ٹیسٹنگ کٹس، وینٹی لیٹرز کی دستیابی وغیرہ سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل مزید منظم کیا جائے اور اس سلسلے میں کوارڈینیشن کو مزید مستحکم بنایا جائے۔

 وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام الناس کو ہر پہلو سے مکمل طور پر باخبر رکھا جائے تاکہ کسی بھی معاملے پر کوئی غلط فہمی یا ابہام کی صورتحال نہ پیدا ہو۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، سیاسی قیادت اور رضا کاروں کے مربوط نیٹ ورک کے قیام کا مقصد ملک کے طول و عرض میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے زور دے کر کہا کہ ریلیف کی فراہمی مکمل میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی تفریق یا امتیازی سلوک کی شکایت برداشت نہیں جائے گی۔



متعللقہ خبریں