کورونا وائرس کی وبا سےنمٹنےکےلیےتمام صوبائی حکومتیں اور افواج پاکستان دن رات محنت سےکام کر رہی ہیں

جمعرات کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان، تینوں مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے

1381760
کورونا وائرس کی وبا سےنمٹنےکےلیےتمام صوبائی حکومتیں اور افواج پاکستان دن رات محنت سےکام کر رہی ہیں

 کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام صوبائی حکومتیں اور افواج پاکستان دن رات محنت سے کام کر رہی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں، قومی کوششوں کی سپورٹ میں میڈیکل ایکشن پلان بنایا ہے، تینوں مسلح افواج کی میڈیکل سہولتوں کو ہر طرح سے تیار کیا گیا ہے، کرونا وائرس سے متعلق بروقت اوردرست معلومات عوام الناس تک پہنچانے کے لئے موبائل کمپنیز کے ساتھ مل کر پیغامات عوام تک پہنچائے جارہے ہیں، سوشل میڈیا پر احتیاطی تدابیر پر مشتمل معلومات دی جارہی ہیں، تفتان میں قرنطینہ سینٹر میں پاک فوج کی میڈیکل ٹیم معاونت کر رہی ہے، زمینی راستوں اور ائیرپورٹس پر فوج اور سول انتظامیہ سکریننگ میں مصروف ہیں، 21 مارچ سے ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر بین الاقوامی آمدورفت شروع ہوجائے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہیں اور سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان، تینوں مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم تمام صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، صوبائی حکومتیں وفاق کے اشتراک سے دن رات محنت کر رہی ہیں، عوام کے جان و مال اور صحت کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ وزیراعظم اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں، کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز قرنطینہ سینٹر کا معائنہ کیا اور زائرین کے مسائل سنے، وزیراعظم نے پیغام دیا کہ ہم نے کرونا کا متحد ہوکرمقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے، کورونا کے پیش نظر قومی معاشی پالیسی کو ترتیب دینے کیلئے لائحہ عمل تیا رکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے تمام چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، اس وبا کے باعث پاکستان کی معیشت کو بھی جھٹکے لگ رہے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات پر اثر پڑے گا لیکن وائرس سے پہلے معیشت میں بہتری آگئی تھی، معیشت پر کورونا کے ممکنہ اثرات کے جائزے کے لیے مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جس نے توجہ رکھی ہے کہ معیشت کی گاڑی سست نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کما کر کھانے والوں کے لیے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ پرہجوم اجتماعات میں شرکت سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لئے افواج پاکستان پوری طرح متحرک ہے، عوام کا اعتمادافواج پاکستان کا اثاثہ ہے، ہر کسی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سول اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پاک فوج سول اداروں کے ساتھ مل کر قرنطینہ میں مددکر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کے 13 مارچ کے اجلاس میں ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس وبا سے پاکستان کو محفوظ رکھے، پاک فوج حکومت کے ساتھ ملک کر کرونا وائرس پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف نے فارمیشن کو ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے، تینوں مسلح افواج کی میڈیکل سہولتوں کو ہر طرح سے تیار کیا گیا ہے، فوج کے تمام ادارے مشترکہ نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سینٹر بنانے سے متعلق بھی معاونت کر رہے ہیں، ملتان کے قرنطینہ سینٹر میں پاک فوج بھرپور مدد کر رہی ہے، سکھر میں رینجرز قرنطینہ سینٹرز کے قیام میں معاونت کر رہی ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لوگوں کو بروقت اور درست معلومات دینا ضروری ہے، موبائل کمپنیوں کیساتھ مل کر پیغامات عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں، میڈیا کے ذریعے موجودہ صورتحال سے عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کیلئے میڈیکل پلان آف ایکشن تیارکرلیا گیا ہے، مسلح افواج کی میڈیکل فیسیلٹیز کو ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کیاجاسکے گا، پاکستان رینجرز سول اداروں کی معاونت کررہی ہے، فیس ماسک اور سینیٹائزر بنانے کیلئے پاک فوج کے سائنسدان معاونت کررہے ہیں، ہم کرائسز اور رسک منیجمنٹ اسٹریٹجی بناچکے ہیں، کمیونیکیشن اسٹریٹجی میں سب سے اہم عوام سے رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں علمائ،دانشور اور ہر شخص آگے بڑھے اور اپنا کردار ادا کرے، عوام کا اعتماد افواج پاکستان کا اثاثہ ہے، ہمیں احتیاط سے اس کا مقابلہ کرنا ہے، صبر آزما مرحلہ ہے اور مل کر ہی اس کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 176 ممالک میں کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جو تشویشناک امر ہے اور دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار ہے، تاہم مشکل صورتحال میں قوم متحد ہے اور جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل پڑی عوام نے بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ چین نے جس طرح اس وبا پر قابو پایا اس کی مثال نہیں ملتی، صدر مملکت کے دورہ چین کے دوران صحت کے شعبے میں بہتری پر بات ہوئی، آئندہ چند روز میں چینی ماہرین کے ساتھ ویڈیو کانفرنسز شروع کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 326 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب نیشنل ڈیش بورڈ بن گیا ہے جس سے صورتحال کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مصافحہ کرنے اور گلے ملنے سے پرہیز کیا جائے، ہسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں اور بوقت ضرورت مریض کے ساتھ ایک شخص او پی ڈی میں جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی قوم پر مشکل وقت آیا پاکستان کی قوم نے بے مثال یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ عوام کو کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کیلئے حکومت پاکستان نے سرکاری ویب سائٹ تیار کرلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ http://covid.gov.pkپر عوام پورے پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کرسکیں گی



متعللقہ خبریں