قوموں کی ترقی نوجوانوں کی ترقی سے منسلک ہے، نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں: وزیراعظم عمران خان

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامیاب جوان پروگرام کے نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے

1348491
قوموں کی ترقی نوجوانوں کی ترقی سے منسلک ہے، نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق بنانا میرا خواب ہے، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں جس سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ مشکل حالات سے سیکھنے کی ضرورت ہے، قوموں کی ترقی نوجوانوں کی ترقی سے منسلک ہے، نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں ان پر ہم جس قدر خرچ کریں گے ملک اتنا ہی ترقی کرے گا، مہنگائی کے ذمہ دار مافیاز کا خاتمہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامیاب جوان پروگرام کے نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عثمان ڈار، اسد عمر، حفیظ شیخ اور سب کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اس پروگرام کا اجراءکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اپنے نوجوانوں کو متحرک کرنے سے بنتی ہیں اور نوجوان پاکستان کو ترقی کی جانب لے کر جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت سی نعمتیں دی ہیں، یہ ملک مختلف تہذیبوں کا گہوارہ ہے جو ہمارا اثاثہ ہیں لیکن ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ نوجوان آبادی والا دوسرا ملک ہے، اس حوالے سے یمن پہلا ملک ہے جس کی نوجوان آبادی سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں جتنا میرٹ ہو گا یہ پروگرام اتنا ہی کامیاب ہو گا، جو بھی معاشرے میرٹ سے ہٹتے ہیں وہ ترقی کے میدان میں دنیا میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے آسٹریلیا کی مثال دی جہاں میرٹ کے عمل کے ذریعے ٹیلنٹ کو اوپر لایا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ جتنا ٹیلنٹ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دیا، ہم نے اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل آگے آتا ہے تو قومیں ترقی کرتی ہیں اور قائداعظم نے جب پاکستان بنایا تو انہوں نے سفارشی کلچر اور اقرباءپروری کی نفی کی بات کی، یہی دو وجوہات ہیں جن پر عمل نہ کرتے ہوئے ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی تک ہم ہر میدان میں آگے تھے لیکن بدقسمتی سے ہم جیسے جیسے میرٹ سے پیچھے ہٹتے گئے، ہم دنیا سے پیچھے رہ گئے۔ کامیاب جوان بھی میرٹ سے ہی کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی قسم کا امتیاز نہیں کریں گے، شوکت خانم آج معیاری ہسپتال اور نمل یونیورسٹی ایک معیاری یونیورسٹی بن چکی ہے۔ شوکت خانم میں مریضوں کا میرٹ پر علاج کیا جاتا ہے، یہ نہیں دیکھا جاتا کہ اس کا کس جماعت سے تعلق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کامیاب ہو گا تو نئے آئیڈیاز آگے آئیں گے تو نوجوان ترقی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نوجوانوں پر اس لئے زور دیتا ہوں کیونکہ ان کے پاس آگے بڑھنے کے لئے وقت ہے اور وہ جنون اور جذبہ ہے جو ترقی کے لئے درکار ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہنر مند نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیئے اور انہیں مختلف ہنر سکھائے، 50 ہزار نوجوانوں کو تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں کیونکہ نوجوانوں پر جتنی سرمایہ کاری کریں گے اتنا ہی ملک آگے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک ترقی کرے گا تو نوجوانوں کا اس میں کردار ہو گا۔ وزیراعظم نے چین کی مثال دی اور کہا کہ چین نے 30 سال پہلے فیصلہ کیا کہ اپنے غریب لوگوں کو غربت سے نکالیں گے اور چین نے اس عرصہ میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی کثیر آبادی غربت میں بستی ہو تو کوئی ملک ترقی نہیں کرتا، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے احساس پروگرام شروع کیا اور دو سو ارب روپے صرف نچلے طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے خرچ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے زندگی میں جتنے بھی خواب دیکھے وہ پورے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے لے کر عالمی کرکٹ اور شوکت خانم کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے خواب دیکھے، وہ سب محنت سے پورے ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ آج شوکت خانم ہسپتال میں 75 فیصد غریبوں کا مفت علاج ہو رہا ہے، کوئی نہیں کہتا تھا کہ یہ ہسپتال بنے گا لیکن اب تیسرا ہسپتال کراچی میں بننے جا رہا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ جب سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا تو لوگوں نے کہا کہ دو جماعتوں کے نظام میں تیسری جماعت کے لئے کوئی جگہ نہیں لیکن اس میں بھی کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی سب سے کامیاب شخصیت نبی کریم کی شخصیت ہے، انہوں نے بھی 13 سال مشکل ترین حالات میں گزارے اور پھر ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی اور پوری دنیا میں اسلام پھیلایا، آج ہمیں ان کی زندگی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت قوموں پر آتے ہیں لیکن مشکل وقت سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ اس سے سیکھنا چاہیے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں اکثر وزیر پریشان نظر آتے ہیں، انہیں کہتا ہوں کہ اس پریشانی سے سیکھیں، آپ نے گھبرانا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ذمہ دار مافیاز کو چن چن کر پکڑیں گے اور پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں میں چیک بھی تقسیم کئے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

 

 

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں