وزیراعظم عمران خان سےسعودی عرب کےوزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی ملاقات، باہمی امورپربات چیت

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جو کہ قریبی دوستانہ و تاریخی تعلقات اور عوام کی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں

1330341
وزیراعظم عمران خان سےسعودی عرب کےوزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی ملاقات، باہمی امورپربات چیت

وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جو کہ قریبی دوستانہ و تاریخی تعلقات اور عوام کی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں۔

 انہوں نے فروری 2019ءمیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دونون ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات اور مختلف شعبوں بالخصوص پیٹرو کیمیکلز، معدنیات اور قابل تجدید توانائی میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کی ٹیم سیاحتی شعبہ کی ترقی میں تعاون کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گی جیسا کہ ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد سے ملاقات کے دوران طے پایا تھا۔

 وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیہ اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو تفصیل سے اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارت کے امتیازی شہریت ترمیمی قانون اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز پر بھی روشنی ڈالی جس کے تحت بھارتی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو منظم انداز میں نشانہ بنا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت کے کنٹرول لائن پر جارحانہ اقدامات سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور علاقائی امن و استحکام داﺅ پر لگ گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی آزادیوں اور حقوق کے تحفظ، تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کے لئے سہولت فراہم کرنے اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی جانب سے پاکستانی عوام اور قیادت کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے سعودی قیادت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہزادہ فیصل نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کو اہم قومی معاملات پر فوری تعاون کا بھی اعادہ کیا۔ تنازعہ جموں و کشمیر کے تناظر میں اسلامی تعاون تنظیم کے کردار میں اضافے پر بھی غور کیا گیا۔ یہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔ فریقین نے مسلسل اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے اور باہمی امور اور علاقائی مسائل پر قریبی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔



متعللقہ خبریں