وزیراعظم عمران خان آج بحرین کے قومی دن کی تقریب میں اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کریں گے
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا اگست 2018ءمیں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد بحرین کا یہ پہلا دورہ ہے، دورے کے دوران عزت مآب حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ان کی بالمشافہ ملاقات ہوگی

بحرین کے شاہ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان آج سوموار 16 دسمبر کو بحرین کا دورہ اوربحرین کے قومی دن کی تقریب میں مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کریں گے۔
اس موقع پر ایک اعلی سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا جس میں کابینہ کے ارکان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں،دورے کے موقع پر وزیر اعظم کو بحرین کا اعلیٰ ترین سول اعزاز بھی عطاءکیا جائے گا۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا اگست 2018ءمیں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد بحرین کا یہ پہلا دورہ ہے، دورے کے دوران عزت مآب حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ان کی بالمشافہ ملاقات ہوگی جبکہ ولی عہد سلمان بن حمدآل خلیفہ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی، مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر انھیں بحرین کا اعلی ترین سول اعزاز بھی عطاءکیا جائے گا۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترک عقیدے و ثقافت، باہمی اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی قریبی خوشگوار تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سیاست، تجارت، کاروبار، دفاع، عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ وسیع البنیاد تعلقات قائم ہیں، اعلی سطحی دوروں کا مسلسل تبادلہ دونوں ممالک کے تعلقات کا نمایاں وصف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان اقوام متحدہ، اوآئی سی اور جی سی سی سمیت تمام فورمز پر قریبی تعاون استوار ہے،دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی سطح پر بھی روابط قائم ہیں جن میں دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمیشن بھی شامل ہے، اس کا مقصد مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر بھی قریبی تعاون قائم ہے۔ ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی بحرین کی سماجی واقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، بحرین میں مقیم یہ پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط انسانی پل کا کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے دورہ بحرین سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں مزید مدد ملے گی اور اس مقصد کے حصول کے لئے مختلف طریقہ ہائے کار پر غور ہوگا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات میں مزید قربت لانے اور تعاون تیز کرنے میں مدد ملے گی۔