مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا: عمران خان

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے نئے مقامی حکومت کے مجوزہ نظام پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا

1301652
مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا، اس سے تعمیر و ترقی اور مسائل کا حل مقامی طور پر ممکن بنایا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے نئے مقامی حکومت کے مجوزہ نظام پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وزیرِ اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفراللہ مرزا، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے اسد عمر، ایم این اے راجہ خرم نواز و دیگر نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم کو اسلام آباد کیلئے تجویز کردہ نئے لوکل گورنمنٹ نظام کے خد وخال پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی دارالحکومت کے لئے تجویز کردہ مقامی حکومت کے نئے نظام کا مقصد میئر کی سربراہی میں عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کو مکمل طور پر بااختیار بنا کر ایک ایسا نظام رائج کرنا ہے جو وفاقی دارالحکومت کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کو یقینی بنا سکے۔ وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نئے نظام میں میئر کا انتخاب براہ راست الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا، دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور روزمرہ کے معاملات کی ذمہ داری میئر کو سونپی جائے گی۔

 وزیرِ اعظم نے وفاقی دارالحکومت کے لئے مقامی حکومت کے نئے نظام کے حوالے سے تجاویز کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کا مقصد اختیارات کولوکل سطح پر منتقل کرنا ہے تاکہ تعمیر و ترقی اور مسائل کا حل مقامی طور پر ممکن بنایا جا سکے۔

 

 

 

 



متعللقہ خبریں