تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی: 65 افراد جاں بحق متعدد زخمی

ریلوے حکام کے مطابق آگ کی لپیٹ میں آنے والی تینوں بوگیوں میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25 افراد کا تعلق سندھ کے ضلع میر پورخاص سے ہے

1297478
تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی: 65 افراد جاں بحق متعدد زخمی

کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 ہوگئی، جس میں سے 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

بہاول پور، رحیم یارخان کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق آگ کی لپیٹ میں آنے والی تینوں بوگیوں میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25 افراد کا تعلق سندھ کے ضلع میر پورخاص سے ہے۔

ٹرین میں آتشزدگی کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بلاک کر دیے گئے ہیں جس سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔  ذکریا ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو خان پور اسٹیشن پر روک دیا گیا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق تیزگام ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی جس میں سلنڈر پھٹنے سے تین بوگیوں میں آگ لگی۔

آگ نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسافر ٹرین میں سلنڈر سے انڈا بوائل کررہے تھے کہ اچانک آگ بھڑ ک اُٹھی، متعدد افراد نے کود کر جان بچائی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق ٹرین کی اکانومی کلاس میں آگ لگی۔ تبلیغی جماعت کے لوگ اجتماع میں جارہے تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ زیادہ ہلاکتیں مسافروں کےچلتی ٹرین سےچھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں جبکہ شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مسافروں کےدو سلنڈر پھٹنے کے باعث بوگیوں میں آگ لگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے۔ مسافر ٹرین میں سلینڈر کیسے لے کر پہنچے ، اس کی تحقیقات کی جائے گی۔

چیئرمین ریلوے سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ انسپکٹر آف ریلوے کی سربراہی میں تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور وہ اس بات کا تعین کریں گے کہ سلینڈر کس طرح ٹرین میں لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

دوسری جانب ریلوے حکام نے بتایا کہ تیزگام کی تین بوگیوں میں تقریباً 200 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے ایک بوگی میں 78 ، دوسری میں 77 اور بزنس کلاس کی بوگی میں 54 افراد کی بکنگ تھی، حادثے کے بعد بوگیوں سے کئی افراد کی جلی ہوئی لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں سے کئی لاشوں کے ٹکڑے ملے ہیں۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی بلندی درجات، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیرداخلہ اعجازشاہ نے بھی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے شییخ رشید نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 15، 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں