پاکستان، حکومت نے اپوزیشن کو آزادی مارچ کی اجازت دے دی

ہم  آئین و قانون کے دائرہ کار میں احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، متعلقہ کمیٹی

1293450
پاکستان، حکومت نے اپوزیشن کو آزادی مارچ کی اجازت دے دی

وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 'آزادی مارچ' منعقد کرنے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں دھرنے اور مارچ سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ حکومتی اعلامیہ میں  واضح کیا گیا ہے "جمہوری نظریات کو برقرار رکھنے کے اپنے پختہ یقین کے ساتھ حکومت  نے یہ فیصلہ کیا ہے  کہ اگر سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے وضع کردہ  آئین و قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے مجوزہ آزادی مارچ کو عملی جامہ پہنایا جاتا ہے  تو اس کی اجازت دی جائے گی"۔

اپوزیشن سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے متعلق وزیراعظم کواعتماد میں لیا، انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ 27 اکتوبر سے پہلے اپوزیشن کو مذاکرات پرآمادہ کرلیں، امید ہے مولانا فضل الرحمان ہماری بات مان جائیں گے۔

عمران خان  نے  کمیٹی کو ایک بار پھراپوزیشن سے مذاکرات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم  آئین و قانون کے دائرہ کار میں احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، عدالتی فیصلوں کے مطابق اپوزیشن کو احتجاج کی اجازت دی جائے گی، عدالتی فیصلوں کے مطابق کسی کوسڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے حکمت عملی وزارت داخلہ طے کرے گی۔



متعللقہ خبریں