شریف خاندان کو اقبالِ جرم کرتے ہوئے لوٹا ہوا مال واپس کرنا پڑے گا: فردوس عاشق اعوان

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی امداد کا 8 کروڑ روپے کا چیک شہباز شریف کے داماد علی عمران کے اکاؤنٹ میں جمع ہوا، جرم کی اس حقیقت کا اعتراف ایرا کے افسر اکرام نوید نے کر لیا ہے

1236171
شریف خاندان کو اقبالِ جرم کرتے ہوئے لوٹا ہوا مال واپس کرنا پڑے گا: فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چوری کا کھرا برطانیہ جا رہا ہے، ابھی اور ملکوں میں بھی جائے گا۔ لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا، یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایرا کے افسر کے اعتراف کے بعد بہتر ہے کہ شہباز شریف کا خاندان بھی اقبالِ جرم کر لے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی امداد کا 8 کروڑ روپے کا چیک شہباز شریف کے داماد علی عمران کے اکاؤنٹ میں جمع ہوا، جرم کی اس حقیقت کا اعتراف ایرا کے افسر اکرام نوید نے کر لیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مزید انکشافات ہونے ابھی باقی ہیں۔ پہلی حکومت ہے جو چوروں کو گھر تک پہنچا رہی ہے۔ چوری اور سینہ زوری اب نہیں چلے گی، لوٹا مال واپس کرنا پڑے گا، یہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ’شاہد خاقان صاحب! شہباز شریف جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں۔ انہوں نے زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنا تھا لیکن گلے لگا لیا‘۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دھیلے کی کرپشن ثابت ہونے پر سیاست چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے پر نام بدلنے کا وعدہ بھی بھول گئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، لیگی ترجمان جھوٹ کو تحفظ دینے کے لیے جھوٹ بول رہے ہیں، نوکری میں جکڑے ترجمان کب تک کرپشن اور منی لانڈرنگ کا دفاع کریں گے؟

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ ایرا کے افسر کے اعتراف کے بعد بہتر ہے کہ شہباز شریف کا خاندان بھی اقبالِ جرم کر لے، شہبازشریف کا خاندان کرپشن سے توبہ کر لے، توبہ کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔

                                                                                                               

 

 

 

 

 

 

 

 

 

                           



متعللقہ خبریں