تاجر برادری ملک میں اقتصادی استحکام قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے : وزیراعظم عمران خان
تاجروں نے ملک کے ممتاز ایوانوں اور معاشی شعبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور طویل اور قلیل مدت کی بنیاد پر معیشت کے استحکام کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں
وزیراعظم عمران خان سے معروف تاجروں کے وفد نے اتوار کو اسلام اباد میں ملاقات کی۔ ملاقات تقریبا3گھنٹے تک جاری رہی۔
وفد میں ملک بھر کے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندگان اور معاشی ماہرین شامل تھے۔ملاقات میں ملک کی اقتصادی صورتحال، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات اور موجودہ مارکیٹ کی صورتحال اور مستقبل کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
تاجروں نے ملک کے ممتاز ایوانوں اور معاشی شعبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور طویل اور قلیل مدت کی بنیاد پر معیشت کے استحکام کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل حکومت اور تاجر برادری دونوں کی مربوط کوششوں سے حل کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ملک میں اقتصادی غیریقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے تاجربرادری پر زور دیا کہ وہ اقتصادی استحکام کے حصول کے لئے مناسب کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ تاجروں کی قابل قدر تجاویز حاصل کرنے کے لئے وہ تاجر برادری سے باقاعدہ بنیاد پر ملاقاتیں کریں گے اوران سے قابل قدر تجاویز لیں گے۔