پاکستان میں ڈالرز دہشت گردی اپنے عروج پر پہنچ گئی، انٹربینک میں ڈالر اب 148 روپے کی سطح پر پہنچ گیا

آج (جمعرات) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک میں دن کے آغاز پر ڈالر کی قیمت 141.50 روپے تھی، جو اب بڑھ کر 148 روپے ہوگئی، جس کے مزید بڑھنے کے امکانات ہیں

1202135
پاکستان میں ڈالرز دہشت گردی  اپنے عروج پر پہنچ گئی، انٹربینک میں ڈالر اب 148 روپے کی سطح پر پہنچ گیا

پاکستان   کی معیشت پر اس بار ڈالر نے اپنی قدرو قیمت میں  غیر متوقع اضافہ کرتے ہوئے مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ ڈالروں کی آگ نے  نہ صرف  اوپن مارکیٹ کو بھسم کردیا ہے بلکہ  انٹر بینک بھی  اس سے بڑی طرح  متاثر ہے اور اس کی نئی قدرو قیمت کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور  ہوچکا ہے۔

 آج (جمعرات) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔

ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک میں دن کے آغاز پر ڈالر کی قیمت 141.50 روپے تھی، جو اب بڑھ کر 148 روپے ہوگئی، جس کے مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔

ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں جاری کمی کی وجہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان ہونے والا حالیہ معاہدہ ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔

ڈالر کی اڑان جاری ہے جس نے پاکستانی روپے کو بری طرح زمین بوس کر دیا اور ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کے بعد گزشتہ چند روز سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی بڑے پیمانے پر خریداری دیکھی جارہی تھی۔

بدھ کے روز انٹر مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا اور ڈالر کی قیمت خرید میں 7 روپے 10 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں اب ڈالر کی قدر 148 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔

فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے انٹربینک میں ڈالر اب 148 روپے پر ٹریڈ ہورہا ہے، ڈالر4 روپے 61 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.25 روپے مہنگاہوا تھا ، جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند سطح 146 روپے25 پیسے پر پہنچ گئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈالر دوبارہ144روپے پر آگیا تھا ، جب کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 141.93 پیسے پر رہی تھی۔

ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے پاس جانا ڈالر کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔

ماہرین معاشیات کا کہناتھا ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں ہونے والی مسلسل کمی باعث تشویش ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔

یاد رہے 3 روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کا عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ طے ہوگیا، آئی ایم ایف تین سال کے لیے پاکستان کو 6 ارب ڈالر دے گا جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی تین ارب ڈالرز کا قرض ملنے کا امکان ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف معاہدے کے مطابق حکومت کو روپے کی قدر میں کمی کرنا ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے کے تحت پاکستان کو روپے کی قدر میں 20 فیصد تک کمی کرنا ہے۔ اسی صورت حال کو دیکھتے ہوئے ڈالر کی خریداری کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔



متعللقہ خبریں