وزیراعظم عمران خان کی شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں شمالی وزیرستان میں باڑ لگانے والے فوجیوں پر افغان سرحد عبور کرکے آنے والے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے

1193671
وزیراعظم عمران خان کی شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان کے علاقے الواڑہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو سلام پیش کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں شمالی وزیرستان میں باڑ لگانے والے فوجیوں پر افغان سرحد عبور کرکے آنے والے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ جب کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کی بہادری وجرات کو سلام پیش کیا ہے۔

 گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگاتے ہوئے فوجی جوانوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے تھے۔

وزیراعظم نے ٹوئٹر پیغام میں اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں شمالی وزیرستان کے علاقے الواڑہ میں قابل مذمت دہشت گرد حملہ پسپا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے تین جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوششوں کے دوران جگر آزمانے اور قربانیاں دینے والے جوانوں کو ہمارا سلام ہے۔

واضح رہے کہ 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی شب افغانستان کے ضلع گیان اور برمل سے سرحد عبور کرکے آنے والے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں الواڑہ کے مقام پر سرحدی باڑ لگانے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیاتھا، حملے میں 3 پاکستانی فوجی شہید اور7 زخمی ہوئے، تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اوربہت سےافغانستان کی طرف سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

                                                                                                                

 

 

                                                                                                                                            



متعللقہ خبریں