نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں دہشتگرد حملے میں 50 افراد کی شہادت پر پاکستان بھر میں یوم سوگ منایا گیا
وفاقی دارالحکومت میں وزیر اعظم، پارلیمنٹ ہاؤس، ایوان صدر، سپریم کورٹ سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں اہم سرکاری عمارتوں کے پرچم سرنگوں رہے
نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں دہشتگرد حملے میں 50 افراد کی شہادت پر پاکستان بھر میں کل یوم سوگ منایا گیا اور اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔
دہشت گردی کے اس واقعے میں شہید ہونے والے 50 افراد میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے، انہی سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قوم نے کل یوم سوگ منایا۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیر اعظم، پارلیمنٹ ہاؤس، ایوان صدر، سپریم کورٹ سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں اہم سرکاری عمارتوں کے پرچم سرنگوں رہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ای) کراچی میں بھی شہداء کی یاد میں خصوصی دعائیہ تقریب کااہتمام کیاگیا، جس میں مارکیٹ کے بروکرز نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدی نے بھی ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں پاکستان کا قومی پرچم نیوزی لینڈ کے شہداء کے غم میں سرنگوں رہے گا، ورثاء اپنے پیاروں کی میتوں کی حوالگی کا انتظار کر رہے ہیں جو دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اس پاگل پن سے نمٹنے کے لیے تہذیبوں میں مکالمے کی اشد ضرورت ہے،جنگی جنون میں مبتلا قیادت کا ابھرنا دنیا کو غیر محفوظ بنا رہا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ واقعے پراحتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ دہشت گردی پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ تمام لاشوں کی شناخت کا سلسلہ مکمل ہوگیا ہے اور آئندہ روز سے میتوں کو اہلخانہ کے حوالے کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے تحقیقات کے حوالے سے ہمیں آگاہ رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ’ہم نے متاثرہ تمام خاندانوں کی ترجیحات کا احترام کریں گے اور اب تک کی اطلاع کے مطابق 6 شہیدوں کے اہلخانہ نے وہیں تدفین کا کہا ہے جبکہ 3 نے پاکستان میں تدفین کی درخواست کی ہے جس کو فوری عمل میں لانے کے لیے کام کیا جارہا ہے‘۔